Pages

Sunday, June 17, 2012

عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت: دسویں قسط, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت: دسویں قسط

مولوی ممتاز علی کی مائیہ ناز تصنیف ‘‘حقوق النسواں ’’

قویٰ اخلاقی میں تو یقیناً عورتوں کا پلہ ہی بھاری ہے ۔شرم وحیا وعفت جس قدر عورت کی سرشت میں دیکھو گے اس قدر کیا اس کا عشر عشیر بھی مردوں میں نہیں ہے۔ منشی عنایت اللہ لاہو ر کی بہار دانش میں جتنے ناپاک قصے عورتوں کی مدرویگی اور بیوفائی کے ہیں ان میں سے ہر ایک قصہ میں سب سے زیادہ نمایاں بدچلنی اوربدمعاشی کسی نہ کسی مرد کی پائی جاتی ہے جو اپنی عیارانہ چالوں سے شیطان مجسم بن کر باعث خلل اندازی عفت عورت ہوا ہے ۔ درحقیقت ان حکایات سے عورتوں کی نسبت زیادہ تر مردوں کی ہی بدچلنی ثابت ہوتی ہے ۔بعض حضرات عورتوں کے خلاف اس قدر سخت تعصب رکھتے ہیں کہ اگر وہ اپنے شوہر کی موت کے بعد نکاح ثانی بھی کرلیتی ہیں تو اس مثال کے بطور حکایت بیوفائی پیش کرتے ہیں ۔ وہ خود برخلاف حکم خدا ورسول متعدد نکا ح کرتے ہیں ۔ کسی جورو کے حق میں اپنا فرضی عدل بھی پورا نہیں کرتے اور بیوی کے مرتے ہی دوسری شادی کرتے ہیں اور اس شادی سے جو آفات پہلی بیوی کی اولاد پر پڑیں گی ان کے ا بھی مطلق خیال نہیں کرتے پھر بھی بے وفا نہیں ٹھہرتے اور غریبی بے کس بیوہ جو خدا و رسول کے حکم کی تعمیل میں اور اکثر حالات میں قوت لایموت سے عاجز آکر نکاح جائز کرتی ہے وہ بے وفا کہلا کر ہدف تیر امت بنتی ہے ۔اگر نکاح ثانی علامت بیوفائی ہے تو کیا وجہ ہے کہ مردوں کو سب سے زیادہ بے وفا اور دغا باز نہ کہا جاوے جو محض بندہ نفس بن کر شادی پر شادی کرتے اور شریعت الہی کو توڑ تے اور اولاد کے حق میں کانٹے بوتےہیں عورتوں کوبے وفا کہنے پر مردوں کو اللہ شرمانا چاہئے ۔ مسلمانوں میں نہ سہی تو نہ سہی ۔ہندوؤں کی قوم کی عورتیں بھی آخر عورتیں ہیں جو اپنی نے مثل وفاداری اور جاں نثاری میں ہمیشہ سرخرو رہیں گی ۔ستی کی رسم کیسی ہی مذموم کیوں نہ ہوں۔ مگر اس کی اصلیت پر غور کرو اور ایمان سے کہو کہ دنیا میں کسی قوم کسی ملت کسی مذہب میں کوئی مردوں کا بھی ایسا وفادار گروہ دیکھایا سنا گیا ہے جو بیویوں پر اپنی جان اس طرح نثار کرتا ہوں جس طرح عورتوں کی نوع اپنے پیارے شوہروں پر پروانہ وار جان دیتی ہے ۔مرزا صائب کہتا ہے درمحبت چوں زن ہندو کسے مردانہ نیست۔ سوختن برشمع مردہ کا رہر پرانہ نیست۔

http://newageislam.com/urdu-section/عورت-اور-ان-پر-مردوں-کی-جھوٹی-فضیلت--دسویں-قسط/d/2095


0 comments: