Pages

Monday, June 18, 2012

عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت:پہلی قسط, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت:پہلی قسط

مولوی ممتاز علی کی مائیہ ناز تصنیف ‘‘حقوق نسواں’’

مرد اور عورت ایک نوع انسان کے افراد ہیں۔ ان میں باہم من حیث الا نسان ایک کو دوسرے پر کسی قسم کی ترجیح نہیں ہوسکتی ۔ البتہ وہ چند خصوصیات جو مرد کو عورت سے متمیز کرتی ہیں مقتضی اس امر کی ہیں کہ ان کے فرائض او رطریقے تمدن میں بھی صرف بقدر ان خصوصیات کے تفاوت ہو۔ اس قسم کے تفاوت کے سوا جو عورت او رمرد کے خلقی فرق مبنی ہیں جس قدر اور اختلاف پائے جائیں گے یا ایک کو دوسرے پر ترجیح دینے کےلئے کوئی امور ثابت کئے جائیں گے ان سب کی بنا محض اختلات تشخصلات و اختلاف صنفیت پر ہوگی اور ظاہر ہے کہ اس قسم کے فرق محض اتفاق اور عارضی اورغیر معتبر ہوتے ہیں اور اختلاف مسکن و اختلاف آب وہوا اور اختلاف تمدن وغیرہ اسباب سے پیدا ہوتے ہیں۔ ہم ثابت کریں گے کہ موجودہ طریق تمدن کے بموجب جس قدر تفریق مرد اور عورت کی حالت اور ان حقوق میں کی گئی ہے وہ اس قدر تفریق سے جو باقتضائے خلقت وفطرت ہونی چاہئے تھی بدر جہا ں زیادہ ہے اور محض فرضی خیالات اور مردوں کے تعصبات اور جہالت پر مبنی ہے۔ اور انسان کے تمدن کو خراب کرنے والی اور دنیا کو سخت نقصان پہنچانے والی اور زمانہ قدیم کے وحشیانہ پن کا بدترین نمونہ ہے۔

ہمارے تمدن کے مختلف اوضاع و اطوار محض اس جھوٹے دعوے پر مبنی ہے کہ مرد حاکم ہیں اور عورتیں محکوم ہیں اور عورتیں مردوں کے آرام کے لئے پیدا کی گئی ہیں۔ اور ان لئے وہ ان پر تقریباً اسی قسم کے اختیارات رکھتے ہیں جس طرح وہ ہر قسم کی جائیداد پر رکھتے ہیں اور ان کےحقوق مردو ں کے حقوق کے برابر نہیں ہوسکتے ۔ اگر اس غلط اور ناپاک اصول کو مرد صرف اپنے متعصب اور خود پسندی کا نتیجہ سمجھتے اور اس کی تائید میں کسی دلیل کے لانے کا دعویٰ نہ کرتے تو بھی ہم کو صبر آتا۔ لیکن ظلم تو یہ ہے کہ اس جھوٹے دعوے کو انصاف پر مبنی اور عقلی دلائل سے موید اور مرضی الہٰی کے مطابق جانتے ہیں۔ انہیں خیالات کی غلطی کو کھول دینا اور ان کی بے ہودگی کو ظاہر کردینا ہماری اس تحریر کا موضوع ہے۔

http://www.newageislam.com/عورت-اور-ان-پر-مردوں-کی-جھوٹی-فضیلت-پہلی-قسط/urdu-section/d/2057


0 comments: