Pages

Monday, June 18, 2012

جمعیۃکیا ہے اور جمعیۃ کا نصب العین کیا ؟, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
جمعیۃکیا ہے اور جمعیۃ کا نصب العین کیا ؟

جمعیۃ علما ہند کے ماضی اور حال پر مولانا ندیم الواجدی کا تبصرہ

دیوبند کی سرزمین جمعیۃ علما ہند کے اجلاس عام میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لئے پلکیں بچھائے سراپا انتظار بنی ہوئی ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ جمعیۃ کا کوئی اجلاس اتنے وسیع پیمانے پر دیوبند میں منعقد ہوگا، اگرچہ دیوبند بڑی مختصر جگہ ہے مگر اس میں پھیلنے کی بڑی گنجائش ہے ، دارالعلوم دیوبند کے صد سالہ اجلاس منعقد ہ 1980میں یہ تجربہ ہوچکا ہے جب لاکھوں لو گوں کا سیلاب اس قصبے کی وادیوں میں ٹھہرا تھا، آج پھر اس اجلاس میں لاکھوں لوگوں کی آمد کی نوید ہے۔

آج کی نسل نہیں جانتی کہ جمعیۃ علما کیا ہے اور دیوبند سے اس کا رشتہ کیا ہے، اس کے اغراض ومقاصد کیا ہیں اور اس نے ہندوستان کےمسلمانوں کے لیے وہ کون سی خدمات انجام دی ہیں کہ آج قیادت ماضی کے اس اثاثے کو سینے سےلگائے آگے بڑھ رہی ہے؟اس ملک میں اور بھی جماعتیں ہیں مگر کسی کا ماضی اس قدر تابناک نہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ جن بزرگوں نے جمعیۃ قائم کی ، اس کو پروان چڑھایا، اس کے فکر ی ارتقا میں حصہ لیا ان میں اخلاص بھی تھا، سوز بھی تھا ، تڑپ بھی تھی، خدمت کا جذبہ بھی تھا ، آج بھی یہ جماعت ایک تناور درخت کی طرح کھڑی ہوئی ہے، اگر چہ آندھیوں کے تھپیڑوں نے اسے ہلانے کی کوشش بھی کی مگر ان کی جڑیں اتنی گہری ہیں کہ تیز و تند تھپیڑ ے بھی اس پر اثر انداز نہ ہوسکے، آخر کیا وجہ ہے کہ لوگ اس جماعت کی ایک آواز پر دیوانوں کی طرح دوڑتے ہیں، یہ تو خیر دیوبند ہے جس کی سر زمین میں اللہ نے مقنا طیسی کشش رکھ دی ہے ، لوگ بات بے بات ہی یہاں کھینچے چلے آتے ہیں دیکھا یہ گیا ہے کہ جمعیۃ کا ہر اجلاس شریک ہونے والوں کی کثرت سے تاریخی بن جاتا ہے ، دلی ،بمبئی اور حیدر آباد جیسے مصروف شہر بھی یہ منظر دیکھ چکے ہیں کہ وسیع و عریض پنڈال بھی کثرت ہجوم کی وجہ سے اپنی تنگ دامانی کا شکوہ کرتا نظر آتا ہے،دہلی کے رام لیلا میدان کو انسانی سروں سے بھر دینے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ،لیکن اس جماعت نے متعدد مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے، کیا ہے وہ راز جو اس جماعت کو عوامی حلقوں میں اس قدر مقبول بنائے ہوئے ہے کہ لوگ موسم کے سرکردہ گرم مزاج کی پرواہ کئے بغیر اس کی ایک آواز پر دوڑے چلے جاتے ہیں، میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ دارالعلوم دیوبند کی طرح یہ جماعت بھی اہل دل کی روحانی تو جہات کا مرکز ہے، ماضی میں اس جماعت کے بزرگوں نے ملت اسلامیہ کی جو بے لوث خدمت کی ہے اس نے اس جماعت کو دلوں کی دنیا کا بے تاج باد شاہ بنادیا ہے ،یہی وجہ ہے کہ تقسیم درتقسیم کے متعدد مرحلوں سے گزر نے کے باوجود اور خاندانی اجارہ داری سے لے کر ملی مسائل میں علیحدگی پسندی کے رجحان اور عملی میدان میں سست روی کے الزمات کے باوجود یہ جماعت اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے ہے، بلکہ اپنی جگہ بڑی مستحکم ہے، اس کا نیٹ ورک بڑا وسیع اور مضبوط ہے ،کشمیر سے کنیا کماری تک ہر جگہ اس کی شاخیں ہیں،لوگ اس سے جڑنا چاہتے ہیں ، اس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، سرکاری حلقوں میں اس کو اہمیت دی جاتی ہے، اس کی آواز سنی جاتی ہے ، پاکستان ،بنگلہ دیش ،برطانیہ ،ساؤتھ افریقہ ، امریکہ اور دوسرے ملکوں میں بھی اس جماعت کو آئیڈیل بنا کر کام ہورہا ہے ، اس جماعت کے چراغ وہاں بھی روشنی پھیلا رہے ہیں، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔


http://www.newageislam.com/urdu-section/جمعیۃکیا-ہے-اور-جمعیۃ-کا-نصب-العین-کیا-؟/d/2035

0 comments: