Pages

Saturday, June 16, 2012

عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت:قسط 18, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت:قسط 18

اس پر خدائے تعالیٰ نے حکم فرمایا کہ وہ اپنی چادریں کسی قدر نیچے تک لٹکاکر آئیں جائیں اور وہ اس شریفانہ وضع سے جس کا عام طور پر سب کو حکم دے دیا گیا بآسانی شناخت ہوجایا کریں گی کہ یہ خاتون ان اہل اسلام ہیں اور پھر منافق ستانے سے بازرہیں گے پس اس آیت کو بھی غیر محارم کے روبرو ہونے کے جو ازیام عدم جواز سے تعلق نہیں ۔بلکہ منافق جو عدم شناخت کے بہانہ سے مسلمانوں کی عورتوں کو ستاتے تھے ان کی ایذا سے بچنے کے لئے ایک خاص شریفانہ وضع سے جو سب کے لئے بطور علامت ہو نکلنے کے لئے حکم دیا گیا ہے۔ بجائے اس کے اس آیت سے ہندوستان سے پردہ کی تائید ہو حالت ایذ ایابی میں بھی بلا نقاب وغیرہ جس کا اس آیت میں کہیں اشارہ تک نہیں صرف چادر کواس طرح اوڑھ کر کہ وہ کسی قدرلٹکی رہے بلاشرط اس امر کے کہ اس سے چہرہ چھپ جائے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

جو آیتیں اوپر مذکورہ ہوئیں ان کے سوا اور کوئی آیت قرآن مجید میں پردہ کے متعلق نہیں ہے۔پس قرآن مجید اگر جواب دہ ہے تو صرف اس قدر پردہ کا ہے جو ان آیتوں میں بیان ہو اور سراسر مطابق عقل وفطرت انسانی ہے ۔قرآن مجید ان خرابیوں کا جواب دہ نہیں ہوسکتا جن کا موجب وہ پردہ ہے جس کا اشارہ تک کلام الہٰی میں نہیں ملتا اور جس کے موجد صرف مسلمانان ہندوستان ہیں۔قبل اس کے کہ ہم قرآن مجید کی بحث ختم کریں ایک اور آیت کا بھی ذکر کرنا مناسب ہے جس کو ممکن ہے کہ لوگ غلطی سے پردہ کے متعلق سمجھیں ۔ ہماری مراد سورہ احزاب کے اس آیت سے ہے جہاں خدائے تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جب تم کو ان (عورتوں) سے کوئی چیز مانگنی ہوتو پردہ کے پیچھے سے مانگو کہ یہ امر تمہارے لئے اور ان عورتوں کے لئے دل کی پاکیزگی کا موجب ہے۔ یہ آیت اول تو ازواج مطہرات پیغمبر خدا سے متعلق ہے جن کی نسبت خدائے تعالیٰ نے عام عورت سے علیحدہ کچھ احکام دئے تھے چنانچہ اگلی پچھلی آیات کے پڑھنے سے بخوبی ثابت ہے اس کے علاوہ یہ آیت تعلق رکھتی ہے اس حکم سے جس کے روسے بلا اجازت پیغمبر خدا کے گھر میں جانے کی ممانعت کی گئی ہے اس مضمون کا حکم جملہ اہل اسلام کی نسبت سورہ نور میں اس طرح بیان فرمایا گیا ہے کہ اے ایماندار لوگو! اپنے گھر کےسوا اور گھروں میں داخل نہ ہونا جب تک کہ اجازت نہ لے لو اور گھر والوں کو سلام نہ کرلو۔ یہ تمہارے لئے اچھا ہے ۔شاید تم نصیحت حاصل کرلو۔ اگرتم گھر پر کسی کو نہ پاؤ تو جب تک تم کو اجازت نہ ملے ان میں داخل مت ہو۔ اور اگر تم کوواپس چلے جانے کو کہا جاوے تو تم واپس چلے جاؤ کہ یہ تمہارے لئے پسندیدہ ہے۔

http://newageislam.com/urdu-section/عورت-اور-ان-پر-مردوں-کی-جھوٹی-فضیلت-قسط-18/d/2130


0 comments: