Pages

Sunday, June 17, 2012

عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت: قسط 12, Urdu Section, NewAgeIslam.com

Urdu Section
عورت اور ان پر مردوں کی جھوٹی فضیلت: قسط 12
مولوی ممتاز علی کی مائینہ ناز تصنیف‘‘حقوق النسواں’’
جناب من۔ آپ نے اپنی تحریرات میں محبت کی سخت مصیبتوں کی کیفیت بیان کی ہے۔ لیکن مجھے یاد نہیں کبھی آپ نے کوئی ایسی تدبیر بھی لکھی ہے جس پر عمل کرنے سے وداع احباب کی تکلیف میں صبر آجائے اور اپنے عزیز رفیق سے بچھڑتے وقت دل کم حوصلہ سنبھل جاوے ۔ اس وقت یہ دلفگار اسی رنج ومحن میں گرفتار ہے۔ میرا عزیز شوہر چند سال کے لئے خدمت ملکی پر مامور ہوکر گیا ہے۔ اس کے ساتھ رہنے کی محبت اور اس کے درد انگیز وداعی کلمات نے مجھ میں کچھ تاب و تواں نہیں چھوڑی رات دن کا کوئی لحظ ایسا نہیں گذتا جب میں اس کے تصور میں محونہ پائی جاؤں جس شے پرمیری نظر پڑتی ہے اسی کی یاد دلاتی ہے میں بہ نسبت معمول کے اس کی اولاد اور اس کے مال و اسباب کی اب زیادہ خبر گیری کرتی ہوں۔ اور ان شغلوں میں دل بہلا تی ہوں مگر یہ شغل بجائے تسلی دینے کے اور زیادہ بے چین کرتے ہیں اور ان کو یاد دلاتے ہیں ۔ میں بار باران کمروں میں جاتی ہو ں جہاں بیٹھ کر اس سے باتیں کیا کرتی تھی۔ لیکن جب اس کو نہیں پاتی تو اس کی کرسی پر بیٹھ کر بے اختیار روتی ہوں میں ان کتابوں کو پڑھتی ہوں جن کو وہ شوق سے پڑھا کرتا تھا۔ اور ان لوگوں سے باتیں کرتی ہوں جن کی وہ قدر کیا کرتا تھا۔ دن میں سوسومرتبہ اس کی تصویر کو دیکھتی ہوں او رگھنٹوں اس کی تصویر کے روبرو تصویر بنی بیٹھی رہتی ہوں کبھی میں ان روشوں پر ٹہلتی ہوں جہاں اس کے بازو سے لگ کر ٹہلا کرتی تھی اور ان گفتگو ؤں کو یاد کرتی ہوں جو ہم آپس میں کیا کرتے تھے۔ ان میدانوں اور چیزوں کو دیکھتی رہتی ہوں جو کبھی ہم دونوں دیکھا کرتے تھے ۔ اور ان اشیا پرنظرجمائے رکھتی ہوں جن کو وہ دکھلا تا تھا اور وہ ہزاروں باتیں دل میں گذرتی ہیں جو اس نے ان چیزوں کی نسبت ان موقعوں پر بتائی تھیں۔ لوگ شرقی ہوا سے ڈرتے ہیں کہ اس سےسردی زیادہ ہوتی ہے مگر میرے وہ باد صبا ہے جو میرے رفیق کی خبر لاتی ہے کیو نکہ جس روز وہ ہوا چلتی ہے اس روز غالباً اس کا خط آتا ہے جناب من آپ سے اس عاجز کی یہ التماس ہے کہ اس حالت میں کوئی ایسی تدبیر بتلائیے کہ کسی طرح اس دل غم دیدہ کو اس فراق میں کچھ تسکین ہو۔ فقط
http://newageislam.com/urdu-section/عورت-اور-ان-پر-مردوں-کی-جھوٹی-فضیلت--قسط-12/d/2106

0 comments: